امن کے لیے دنیا والی ریاست مدینہ کی فکر اپنائے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
نبی اکرم ﷺ نے عدل ومساوات اور انسانی جان کے تحفظ کو اولیت دی: چیئرمین سپریم کونسل
دستور مدینہ سے انسانیت کو انسانی حقوق کا شعور ملا: ہزارہ یونیورسٹی میں خطاب
لاہور (7 اکتوبر2025) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ہزارہ یونیورسٹی میں’’دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور‘‘ کے عنوان سے منعقدہ علمی و فکری تقریب سے خطاب کیا جس میں طلبہ، اساتذہ، محققین اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو اسلامی ریاست کے بنیادی اصولوں اور دستور مدینہ کی روح سے روشناس کرانا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہاکہ امن کے لیے دنیا والی ریاست مدینہ کی فکر اپنائے۔ نبی اکرم ﷺ نے عدل ومساوات اور انسانی جان کے تحفظ کو اولیت دی۔ دستور مدینہ سے انسانیت کو انسانی حقوق کا شعور ملا۔ دستور مدینہ انسانی تاریخ کا پہلا تحریری آئین ہے جس نے مختلف مذاہب، قبائل اور طبقات کو انصاف اور مساوات کے اصولوں کے تحت متحد کیا۔ جدید دنیا کے انسانی حقوق کا منشور دستور مدینہ سے متاثر ہے۔ انہوں نے کہاکہ نبی اکرم ﷺنے ایک ایسی ریاست کی بنیاد رکھی جس میں ہر شہری کو مذہبی و سماجی آزادی، عدل و انصاف اور بنیادی حقوق کی ضمانت دی گئی۔ انہوں نےکہا کہ دستورِ مدینہ محض ایک تاریخی معاہدہ نہیں بلکہ ایک مکمل آئینی، سیاسی اور فلاحی ریاست کا عملی نمونہ ہے، جو آج کی دنیا کے لیے بھی بہترین رول ماڈل ہے۔ جب حضور نبی اکرم ﷺ نے یثرب میں قدم رکھا تو وہاں کوئی منظم حکومت، قانون یا آئینی نظام موجود نہ تھا۔
آپ ﷺ نے باہمی اتحاد، عدل اور مساوات کی بنیاد پر ایک ایسی ریاست قائم کی جس میں ہر قبیلے اور مذہب کے افراد کو برابر کے حقوق حاصل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستِ مدینہ میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کو بھی ریاستی فیصلوں میں شریک کیا گیا اور انہیں اپنی مذہبی آزادی حاصل تھی۔ نبی اکرم ﷺ نے قانون کی بالادستی کو ہر فرد پر لازم قرار دیا۔ اگر کوئی شخص جرم کرتا تو اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جاتی۔ خواتین کو عزت، تحفظ اور سماجی مقام دیا گیا۔ آپ ﷺ نے سیاسی، تعلیمی اور معاشی نظام کو منظم کیا۔ گورنرز کا تقرر دیانت اور اہلیت کی بنیاد پر کیا جاتا اور احتساب کا سخت نظام نافذ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 2007ء میں "میثاقِ مدینہ" کے موضوع پر ایک تاریخی اور علمی شاہکار تصنیف کیا، جس میں 63 آرٹیکلز کے ذریعے یہ واضح کیا گیا کہ یہ میثاق دراصل اسلامی ریاست کا پہلا تحریری دستور تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آقا ﷺ خود بازاروں کا دورہ کرتے، تجارت میں شفافیت اور دیانت کا درس دیتے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ نے بوڑھوں پر ٹیکس معاف کیا، غریبوں سے شفقت فرمائی اگر آج ہمیں ایسے حکمران میسر آ جائیں جو اپنی ذات سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں تو یقیناً ریاستِ مدینہ کی جھلک نظر آئے گی۔
تقریب سے ممبر قومی اسمبلی شہزادہ گستاشب خان، پرو وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید مجتبیٰ شاہ اور چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز ڈاکٹر شاہد امین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ معاشرتی و سیاسی نظام کمزور ہو چکا ہے، جس نے عوام کو مایوسی، غربت اور ناانصافی میں مبتلا کر دیا ہے۔ اسلامی فلاحی ریاست ہی اس کا حقیقی حل ہے۔ پروگرام کے اختتام پر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید مجتبیٰ شاہ کو پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی تصانیف پیش کی گئیں، یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔
تقریب میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، پروفیسر ڈاکٹر ناصر الدین، سید عارف حسین شاہ، ڈاکٹر انعام، لبنیٰ مشتاق، باجی ارشاد اقبال، جویریہ افضل، سید محبوب شاہ کاظمی، نثار احمد سلیمانی، انجینئر رفیع الدین، میاں ریاض الدین سمیت دیگر نے شرکت کی۔
تبصرہ