امریکی صدر انتہا پسندی اور دہشت گردی کی وجوہات کا خاتمہ کریں : ڈاکٹر رحیق عباسی

بارک ابامہ امن عالم کے قیام اور محکوم اقوام کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے کام کریں : ڈاکٹر رحیق عباسی

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ نئے امریکی صدر بارک ابامہ سے امریکی اور پوری دنیا کے عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ انہوں نے تبدیلی کا جو نعرہ لگایا ہے، وہ تبدیلی مثبت اور حقیقی ہوگی اور وہ امن عالم کے قیام اور محکوم اقوام کو آزادی دلانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے اور ان بنیادی وجوہات کے خاتمے کیلئے کام کریں گے، جن سے انتہا پسندی اور دہشت گردی جنم لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن عالم کے قیام اور بین المذاہب رواداری کیلئے ان سے ایسے فیصلوں کی توقع ہے، جو امن اور بھائی چارے کے ماحول کو پروان چڑھانے میں معاون ہوں۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ فلسطین، کشمیر سمیت پوری دنیا میں اقوام کے حق خود ارادیت کیلئے ان سے سنجیدہ اور موثر کوششوں کی توقع ہے۔ امید ہے کہ وہ جارح ممالک کی سفاکانہ کارروائیوں کو بھی رکوائیں گے اور محکوم ممالک کو آزادی دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نئے امریکی صدر کو ایسی پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی جس سے دوسرے ممالک کی خود مختاری کا احترام ہو۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدارامن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا بہت ضروری ہے۔ اس حوالے سے امریکی صدر کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top