انتہا پسندی، دہشت گردی اور خوف و ہراس کے ماحول کا خاتمہ کے لئے پریس کلب تا گورنر ہاؤس طلبہ امن مارچ 13 نومبر کو ہوگا۔

طالب علم اور کتاب کے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنا ہمارا مقصد ہے۔ مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی اجلاس میں گفتگو

پریس کلب تا گورنر ہاؤس ”طلبہ امن مارچ“ کی تیاریوں کے سلسلے میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا اہم اجلاس مرکزی صدر ذیشان بیگ کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں ہوا، جس میں انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر امجد جٹ، سیکرٹری جنرل ساجد گوندل، لاہور کے صدر چودھری عثمان گجر اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ذیشان بیگ نے کہا کہ جمعرات کو 13 نومبر کو ہونے والے ”طلبہ امن مارچ“ میں ہزاروں نوجوان شرکت کر کے تعلیمی اداروں میں انتہاء پسندی، دہشت گردی اور خوف و ہراس کے ماحول کے خلاف پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ اس مارچ کا مقصد طلبہ کو تعلیمی اداروں کے اندر پرامن ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنا تعلیمی سفر مکمل کر کے ملک و قوم کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو استعمال میں لاسکیں۔ ذیشان بیگ نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے طالبعلم اور کتاب کے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور ہمارا عہد ہے کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں سے انتہا پسندانہ رویوں کو ختم کر کے محبت، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کے کلچر کو عام کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top