منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا کے زیراہتمام تیرہویں سالانہ میلاد النبی (ص) کانفرنس

مورخہ: 28 مارچ 2009ء
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیراہتمام 13ویں سالانہ میلاد النبی (ص) کانفرنس اسپورٹس ہال El Raval میں انعقاد پذیر ہوئی جس میں اہل بارسلونا نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ انڈیا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بلدیہ بارسلونا کے نمائندہ Paco Salvador اور کتالونیا کی حکمران جماعت PCS کے سیکریٹری کوآرڈینیشن Jose Maria Sala میں موجود تھے۔ برطانیہ سے تشریف لانے والے منہاج یونیورسٹی کے فاضل علامہ جنید عالم منہاجین نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان بیان کی۔ قاری عبد الرحمان چودھری کی طرف سے عمرہ ٹکٹ کی قرعہ اندازی کی گئی۔ محفل میں خواتین کی تعداد دیدنی تھی۔

اس عظیم الشان محفل کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت امیر تحریک منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے حاصل کی اس کے بعد منہاج یوتھ لیگ کی نعت کونسل نے نہایت خوبصورت انداز میں سرور دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، اس دوران محفل فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی اور محفل میں موجود لوگ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوبصورت جھنڈیاں فضاء میں لہراتے رہے۔ نعت کونسل میں حافظ عاطف احتشام، محمد شفیق، ذیشان علی، محمد عثمان اور محمد ارشد نواز شامل تھے۔

حکومت بارسلونا کے مرکزی ضلع Ciutat Vella کی کونسل کے نائب صدر Paco Salvador اور کتالونیا کی حکمران جماعت PSC کے سیکریٹری کوآرڈینیشن Jose Maria Sala نے محفل کے آغاز میں کتالان زبان میں اپنے پیغامات میں مسلمانوں کو عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پر مسرت موقع پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ ساری دنیا کے ایک عظیم رہنما کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے انسانیت کو فلاح، امن اور تعلیم کو عام کرنے کا درس دیا ہے۔ منہاج القرآن بارسلونا سپین سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کی اور ان کے پیغامات کا اردو زبان میں ترجمہ کیا۔

منہاج یونیورسٹی کے فاضل علامہ جنید عالم قادری (منہاجین) نے قرآن کریم اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں آقا علیہ السلام کی شان بیان کی۔ انہوں نے قیام میلاد النبی پر کیے جانے والے اعتراضات کا احادیث نبوی اور اولیاء و صالحین کے اقوال کی روشنی میں دیا۔

خطاب کے بعد منہاج القرآن سپین کے متحرک کارکن اور عادل تندوری ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹر الحاج قاری عبد الرحمان چوہدری کی طرف سے عمرہ ٹکٹ کی قرعہ اندازی کی گئی جس کی سعادت کھاریاں کے رہائشی اختر حسین کے حصے میں آئی۔ نماز مغرب کی ادائیگی اور خصوصی دعا کے بعد شرکاء محفل میں ضیافت میلاد تقسیم کی گئی۔ اس محفل میں 1200 سے زائد مرد اور تقریباً 300 خواتین نے شرکت کی۔ اس طرح یہ سپین میں انعقاد پذیر ہونے والی سب سے بڑی محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کہلائی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top