بڑی گیارہویں شریف و عرس مبارک پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی (رح)

سلطان الاولیاء، شیخ الکل، محبوب سبحانی، امام غوث الاعظم، قطب ربانی، پیران پیر دستگیر حضرت سیدنا ابو محمد محی الدین الشیخ عبدالقادر الجیلانی الحسنی الحسینی رضی اللہ عنہ کی بڑی گیارہویں شریف و عرس مبارک قدوۃ الاولیاء شہزادہ غوث الوریٰ، شیخ المشائخ، النقیب الاشراف حضور پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی پروقار تقریب دربار غوثیہ، بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) لاہور میں مورخہ 8 اپریل بروز بدھ بوقت 8:15 بجے شب منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء پیر السید طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ اور ممبر صوبائی اسمبلی پیر السید عبدالقادر جمال الدین القادری الگیلانی نے کی۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، نائب ناظم شیخ زاہد فیاض، دیگر مرکزی قائدین، سٹاف ممبران و کارکنان تحریک منہاج القرآن نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ پاکستان بھر سے اہم روحانی و سیاسی شخصیات اور محبان غوث الاعظم رضی اللہ عنہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام کا اہتمام قدوۃ الاولیاء پیر السید طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار کے سائے میں کیا گیا۔ نماز عشاء کے بعد اس پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ منہاج نعت کونسل سمیت دیگر ثناء خواں حضرات نے مدح سرائی کی جبکہ منقبتیں بھی پیش کی گئیں۔ پروگرام کا اختتام پیر صاحب کی خصوصی دعا سے ہوا۔ اس کے بعد شرکاء کے لیے لنگر کا وسیع انتظام تھا۔

اس سے قبل پیر السید جمال الدین قادری الگیلانی نے قدوۃ الاولیاء کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا۔ بزم قادریہ کے مرکزی عہدیدران اور مریدین کے ساتھ آپ نے مزار کے علاوہ قدوۃ الاولیاء کی قبر کو بھی اپنے ہاتھ سے غسل دیا۔ غسل دینے کے بعد چادریں بھی چڑھائی گئیں۔ قدوۃ الاولیاء کی قبر مبارک اور مزار پر پھول بھی چڑھائے گئے۔ آخر میں آپ نے خصوصی دعا کی۔ بڑی گیارہویں شریف کے پروگرام سے قبل سیکڑوں مریدین نے پیر صاحب کے دست حق پرست پر بیعت بھی کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top