منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے تحت ویانا میں بچوں کا عظیم الشان مقابلۂ حسن نعت

مورخہ: 31 مئی 2009ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل انٹرنیشنل فروغ عشق مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی عالمگیر تحریک ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بے مثال قیادت میں دین اسلام کا محبت و امن بھرا پیغام دنیا میں عام کررہی ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا بھی ملکی و علاقائی سطح پر اس مصطفوی مشن کے عظیم مقاصد کو پیش نظر رکھے ہوئے ہمہ تن مصروف عمل ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے تحت ویانا میں ہفتہ وار محفل ذکر و نعت، سالانہ میلاد کانفرنس، وقتاً فوقتاً گھروں میں محافل میلاد کا انعقاد۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کی ترسیل وغیرہ جیسے اقدامات قابل ذکر ہیں۔

31 مئی 2009ء بروز اتوار ویانا کی مسجد ابراھیم میں ویانا بھر کے بچوں کے درمیان عظیم الشان ’’مقابلہ حسن نعت ‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں 32 بچوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ ویانا میں محدود پاکستانی کمیونٹی کے پیش نظر نعت خوانی کے مقابلے میں اتنے بچوں کی تعداد توقع سے کہیں زیادہ تھی۔ پاکستانی کمیونٹی کے سب سے بڑی مسجد، مدنی اسلامک سنٹر کی انتظامیہ نے اس مقابلے کے انعقاد میں خصوصی تعاون کیا۔ بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور مقابلہ نعت کی برکات سمیٹنے کے لیے حاضرین کی کثیر تعداد سے مسجد کا ہال کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

مقابلہ نعت خو انی کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے کی جبکہ مہمانان خصوصی میں مدنی اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ عبدالحفیظ الازہری، سفارت خانہ پاکستان کے کونسلر مبین الرحمن اور فرسٹ سیکرٹری اشتیاق عاقل شامل تھے۔ نقابت کے فرائض منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے جنرل سیکرٹری محمد نعیم رضا نے ادا کیے جبکہ منصفین حضرات میں معروف ادبی شخصیت اور صاحب دیوان شاعر رانا عبدالسلام، ویانا کے معروف نعت خوان ثیاب احمد اور محمد ارشد شامل تھے۔ جبکہ خصوصی معاونت کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے امیر محمد حفیظ اللہ قادری اور یورپ بھر میں معروف نعت خوان محمد شہریار خان بھی موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفیق جناب حافظ محمد یوسف غوری صاحب کی نعت شریف سے ہوا۔ بچوں کی عمروں کے اعتبار سے 3 سطح پر درجہ بندی کی گئی تھی۔ سب سے پہلے 10 سال سے کم عمر بچوں کے درمیان مقابلہ تھا۔ پھر اسکے بعد 11 تا 15 سال کے بچے اور آخر میں 16تا 20 سال کے بچوں نے فن نعت خوانی کے جوہر دکھائے۔ درمیان میں ایک بچے عیش علی نے قرآن کے سائینسی حقائق پر مشتمل جرمن زبان میں تقریر بھی کی جسے حاضرین نے بہت سراہا۔

نعت خوانی کے بعد مہمان خصوصی علامہ عبدالحفیظ الازہری نے اپنے خصوصی خطاب میں بچوں کی تعلیم و تربیت پر قرآن و حدیث کی روشنی میں جامع گفتگو کی اور حاضرین پر زور دیا کہ ہمیں بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دے کر انہیں اسلامی اقدار سے روشناس کروانا ہوگا۔ سفارت خانہ پاکستان کے سیکرٹری اول، اشتیاق عاقل اور کونسلر جناب مبین الرحمن نے اس بامقصد اور بابرکت مقابلے کے انعقاد پر خواجہ محمد نسیم سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ساری انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے صدر خواجہ محمد نسیم نے اپنے مختصر لیکن جامع خطاب میں سب حاضرین اور مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ جامع مسجد ابراھیم کی انتظامیہ کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔ جن کے تعاون سے یہ مقابلہ اس مسجد میں منعقد ہوا۔ خواجہ محمد نسیم نے اس موقع پر منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن کی طرف سے سوات و مالاکنڈ کے متاثرین کے لیے امدادی کاروائیوں کی مختصر تفصیل بیان کرکے حاضرین کو پاکستانی بھائیوں کی مدد کی اپیل بھی کی۔

جیوری کے رکن رانا عبدالسلام نے ہر درجہ میں اول، دوم اور سوم آنے والے بچوں کے ناموں کا اعلان کیا اور مہمانان خصوصی نے انعامات تقسیم کیے۔ علاوہ ازیں سب بچوں کو حوصلہ افزائی کے انعامات بھی دے گئے۔ انعامات کے سلسلے میں اعوان ٹرانسپورٹ آسٹریا اور پاکستان کرکٹ کلب آسٹریا کے نام قابل ذکر ہیں۔ علاوہ ازیں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مقامی تنظیم کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے مختلف خطابات اور نعت کی سی ڈیز بھی انعامی طور پر دی گئیں۔

منہاج نعت کونسل کے جنرل سیکرٹری محمد شہریار خان نے بارگاہ رسالت(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں ہدیہ درود و سلام پڑھا اور اختتامی دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا کے امیر محمد حفیظ اللہ قادری، صدر خواجہ محمد نسیم، نائب صدر ملک محمد شفیع، ملک غلام مصطفی، سیکرٹری فنانس ملک امین اعوان، سیکرٹری اجتماعات حاجی محمد نسیم ملک، معاون مالیات مرزا طارق بیگ، چوہدری محمد آصف، ملک اعجاز رشید، مدنی اسلامک سنٹر سے ثیاب احمد، اور دیگر دوستوں نے اس مقابلے کے لیے خصوصی کاوشیں کیں۔

رپورٹ : محمد نعیم رضا۔ جنرل سیکرٹری منہاج القرآن انٹرنیشنل آسٹریا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top