اسلام نے عالمی سطح پر عالم انسانیت کو مذہبی، اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطا کیے ہیں : سہیل احمد رضا

اسلام معاشرے میں دیگر طبقات بالخصوص غیر مسلموں اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو مساوی قرار دیتا ہے
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے مقررین کا خطاب

اسلام دین امن و محبت، باہمی مشاورت اور اخوت کا علمبردار ہے۔ اسلامی تعلیمات انسانیت کی بقاء فلاح و بہبود اور ارتقاء کے سنہری اصولوں پر مبنی ہیں۔ معاشرے میں باہمی حقوق کا احترام اور اعلی اخلاقی اقدار کا فروغ ہمارے دین کی اصل روح ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیغمبرانہ جدوجہد اور پہلی اسلامی ریاست مدینہ منورہ میں نافذ کردہ قانون معاشرت اور حقوق انسانی کے تحفظ کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر انٹر فیتھ تحریک منہاج القرآن سہیل احمد رضانے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شعبہ بین المذاہب تعلقات کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار بعنوان ’’اسلام میں انسانی حقوق‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی سطح پر اسلام دشمن قوتیں اسلام کے دامن کو حقوق انسانی سے عاری ثابت کر رہی ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام کی اعلی اقدار کو اپنایا جائے جو احترام آدمیت اور معاشرے میں موجود ہر طبقے کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کو فرض قرار دیتا ہے۔ اسلام نے عالمی سطح پر عالم انسانیت کو مذہبی اخلاقی، معاشی، معاشرتی اور سیاسی حقوق عطا کیے ہیں۔ سہیل احمد رضا نے کہا کہ اسلام انسانیت کی عظمت و وقار کا علمبردار ہے۔ معاشرے میں دیگر طبقات بالخصوص غیر مسلموں اور اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو مساوی قرار دیتا ہے۔ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ غیر مسلموں کے حقوق کی حفاظت میرا سب سے اہم فرض ہے۔ ظہور اسلام سے دسویں صدی تک یورپ تہذہبی زوال کے اندھیروں میں گم تھا۔ انسانیت غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی تھی، استحصال کا دور دورہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معاشرے کے پسے ہو ئے طبقات کو اعلی مقام عطا فرمایا، انسانی مساوات کا درس دیا اور عملی طور پر بنی نوع انسان کو آج سے چودہ صدیاں قبل پیغام دیا کہ کسی انسان کو دوسرے انسان کا استحصال کرنے کا کوئی حق نہیں۔ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی انسان اس وقت تک صاحب ایمان نہیں ہو سکتا جب تک اس کا پڑوسی اس کے شر سے محفوظ نہ ہو۔ سیمینار سے میاں زاہد اسلام، بلال مصطفوی، ڈاکٹر تنویر اعظم، ڈاکٹر شاہد محمود و دیگر نے خطاب کیا جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top