میراث کی حفاظت نہ کرنے کی وجہ سے حالات نے ہمیں ذہنی غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا: حسین محی الدین قادری

تعلیم و تربیت اور شعور کی بیداری تحریک منہاج القرآن کی امتیازی علامت ہے: شیخ زاہد فیاض
جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم ہی دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہے: ڈاکٹر ظہوراللہ الازہری
منہاج یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کلاسز کی افتتاحی تقریب سے مقررین کاخطاب

تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر اور منہاج یونیورسٹی بورڈ آف گورنرز کے ممبر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قرآن و حدیث، جدید علوم اور تقویٰ کے بغیر ترقی کا حصول ناممکن ہے۔ غیروں کا تہذیب و تمدن اپنا کر مسلمان خوار ہو رہے ہیں، ہمارے اسلاف نے علم، عمل اور اخلاص سے کامیابیاں حاصل کی۔ ہم نے اپنی میراث کی حفاظت نہیں کی، حالات نے ہمیں ذہنی غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کلاسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر علی محمد نے کی۔

صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا دین اسلام ہمیں مہد سے لحد تک حصول تعلیم کادرس دیتا ہے۔ تعلیم و تربیت سے ہی اقوام کی داستان عروج و زوال رقم ہوتی ہیں۔ اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بننے کے لیے ہمیں تعلیم و تربیت کی ایسی درسگاہوں کی ضرورت ہے جہاں قدیم و جدید علوم کا حسین امتزاج پایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی ایسی ہی تعلیم گاہ کی طرف ایک قدم اور کوشش ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تعلیم و تربیت اور شعور کی بیداری تحریک منہاج القرآن کی امتیازی علامت ہے۔ ہم صرف باتیں نہیں کرتے عمل کے میدان میں بھی اترتے ہیں۔ منہاج یونیورسٹی اور ہمارا تعلیمی پروجیکٹ امت مسلمہ کے علم، اصلاح اور تربیت کے لیے شبانہ روز جدوجہد کر رہا ہے۔ وائس پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ظہور اللہ الازہری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم ہی دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ سائنس، ٹیکنالوجی اور کیمپوٹر دینی تعلیم کے ساتھ لازم ہے۔ یہی منہاج یونیورسٹی کا انقلابی کارنامہ ہے۔

تقریب سے جی سی یونیورسٹی لاہور کے شعبہ عربی و اسلامیات کے پروفیسر ڈاکٹر سرفراز خالد، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے پروفیسر ڈاکٹر ارشد خلجی، پنجاب یونیورسٹی لاہور سے شعبہ عربی کے پروفیسر ڈاکٹر قمر علی زیدی اورگفٹ یونیورسٹی گوجرانوالہ سے ایم فل پروگرام کے پروفیسرڈاکٹر محمد شریف چودھری، انچارج پی ایچ ڈی پروگرام منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور کرنل (ر)محمد احمد، ڈپٹی رجسٹرار جی ایم ملک، کنٹرولر امتحانات پروفیسر حافظ زاہد یوسف، شیخ اللغہ والادب پروفیسر محمد نواز ظفر، منہاج یونیورسٹی میں شعبہ سیاسیات کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد خان لودھی، ڈاکٹر محمد اصغر جاوید الازہری اور کالج آ ف شریعہ کے کوآرڈینیٹر میاں محمد عباس نقشبندی نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top