نااہل سیاستدانوں نے قوم کو بدامنی، کرپشن، لوٹ مار، مہنگائی، دہشت گردی اور تذلیل کے سوا کچھ نہیں دیا، شیخ زاہد فیاض

پاکستان کے عوام اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، افسوس ریاست نے اقلیتوں کی حفاظت کا حق ادا نہیں کیا
حکمرانوں کو دہشت گردوں کے خلاف بلاخوف و خطر بڑے فیصلے کرنا ہونگے
شیخ زاہد فیاض کا پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجودہ عوام دشمن نظام انتخاب اور جمہوریت وہ جمہوریت نہیں جو عوام کے مفادات کا تحفظ کرے بلکہ یہ جعلی جمہوریت تو سیاست دانوں کے مفادات کا تحفظ کرتی ہے اور ان کے بار بار برسراقتدار آنے کا ذریعہ ہے۔ قوم کو اس نام نہاد جمہوریت سے کوئی فائدہ ہوا ہے نہ ہو گا۔ مفاد پرست اور نااہل سیاستدانوں نے اس قوم کو بدامنی، کرپشن، لوٹ مار، مہنگائی، بے روز گاری، دہشت گردی اور تذلیل کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اس نظام کے تحت اقتدار میں آنے والوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ایک بھی قانون نہیں بنایا جبکہ اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کے قوانین ایک دن میں اتفاق رائے سے منظور کرا لئے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کی سینٹرل ورکنگ کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر خرم نواز گنڈا پور، جی ایم ملک، جواد حامد، عاقل ملک، ساجد بھٹی، بشارت عزیز جسپال، فیاض وڑائچ، چودھری افضل گجر اور دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ سانحہ پشاور میں جن لوگوں کے گھر اجڑ گئے اسکا ازالہ تو ممکن نہیں۔ پوری قوم مسیحی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ساری قوم نے اپنے اپنے انداز میں اس غم اور بڑے سانحہ میں متاثرہ افراد کے دکھ بانٹنے کی کوشش کی ہے جو دہشت گردوں کیلئے ایک اہم پیغام ہے کہ پاکستانی قوم ہر دکھ اور درد میں ایک دوسرے کا ساتھ دے گی۔

صدر پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ پاکستان کے عوام تو اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ طاقت کا سرچشمہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کر رہا ہے، لیکن افسوس ریاست نے اقلیتوں کی حفاظت کا حق ادا نہیں کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شر پسندوں کا ٹارگٹ مساجد، امام بارگاہیں اور اب گرجا گھر ہیں۔ یہ وحشی کسی مذہب کے پیروکار نہیں ہیں۔ حکمرانوں کو بھی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بلاخوف و خطر بڑے فیصلے کرنا ہونگے اور دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے تمام وسائل برؤے کار لانا ہو نگے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top