علم کی دولت ملنے پر اللہ والے جھک جاتے ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
سوشل میڈیا پر دوسروں کی زندگیوں کو زیر بحث لانے کی عادت کو بدلیں: چیئرمین سپریم کونسل
لاہور (26 ستمبر 2025ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دوسروں کے رازوں اور چادر اور چار دیواری کے تحفظ کا خیال رکھتے اور دوسروں کو بھی اس کی ہدایت فرماتے اور ایسی کسی بات کی طرف متوجہ نہ ہوتے جن سے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رغبت نہ ہوتی تھی، آج سوشل میڈیا پر ہر اس بات کو اچھالا جاتا ہے جس سے کچھ لینا دینا نہیں ہوتا۔
سوشل میڈیا پر دوسروں کی زندگیوں کو زیر بحث لانے کی عادت بدلیں اور خواہ مخواہ دوسروں کے معاملات میں دخل اندازی نہ کی جائے یہ خلاف اسلام اوراس رویے کی وجہ سےامت تقسیم در تقسیم ہوتی چلی جاتی ہے، انھوں نے کہا کہ تکبر بہت بری چیز ہے اس سے بچو، علم میں جتنا مقام بڑھتا جاتا ہے اللہ والے انسانوں کے سامنے اتنے زیادہ جھکتے چلے جاتے ہیں، علم کے فوائد ادب سے حاصل ہوتے ہیں، جو علم انسان کو بسیار گوئی، نفرت اور غصہ کی طرف لے جائے وہ علم نافع نہیں ہوتا، اچھے خصائل کا کسی کی شخصیت میں جمع ہونے کا نام ادب ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسانوں کے اخلاق سنوارنے پر سب سے زیادہ محنت کی، جب اخلاق سنورتا ہے تو پھر سوسائٹی میں ہر سو خیر ہی خیر ہوتی چلی جاتی ہے، اسی لیے کہا گیا کہ قرآن آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اخلاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کی اخلاقی و روحانی تربیت پر بطور خاص توجہ دینی چاہئے کیونکہ ادب اور اخلاق کے بغیر حاصل کیا گیا علم نفع کی بجائے نقصان دیتا ہے۔
تبصرہ