سیدنا علیؑ کی شخصیت علم، حلم، سبقتِ اسلام اور روحانی کمالات کے بلند ترین مقام پر فائز ہے: شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

مورخہ: 14 جون 2025ء

تحریر: محمد اِقبال چشتی (ریسرچ اسکالر، لائیو اپڈیٹ سیل، سوشل میڈیا)

اسلام کی عظیم ترین ہستیوں میں سے ایک، حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کی شخصیت کو نبی اکرم ﷺ نے علم، حلم، سبقتِ اسلام اور روحانی کمالات کے بلند ترین مقام پر فائز قرار دیا۔ اس عظمت کا اظہار سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے نکاح کے موقع پر خود رسول اللہ ﷺ نے فرمایا، جسے جلیل القدر محدثین نے اپنی معتبر کتب میں محفوظ کیا ہے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بیان کرتے ہیں کہ مسند احمد بن حنبل کی صحیح روایت ہے کہ:

"حضرت معقل بن یسار رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اکرم ﷺ نے سیدہ فاطمہ الزہراؓ سے فرمایا:

اے فاطمہ! میں نے تمہاری شادی ایسے شخص سے کی ہے جو سب سے پہلے اسلام لایا، سب سے زیادہ علم رکھتا ہے، اور سب سے زیادہ حلم و بردباری رکھنے والا ہے۔"

شیخ الاسلام کے مطابق یہ روایت مسند امام احمد بن حنبل میں ثقہ رجال کی سند سے موجود ہے، اور امام طبرانی نے بھی اسے اسنادِ صحیحہ کے ساتھ نقل کیا ہے۔

شیخ الاسلام مزید فرماتے ہیں:

"اسی بنیاد پر سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہمیشہ فرمایا کرتے تھے کہ ہم صحابہ میں سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا، سب سے عمدہ ججمنٹ دینے والا، سب سے گہری بصیرت والا علیؑ ہے۔"

یہ کلمات اس امر کی تائید ہیں کہ حضرت علیؑ علم و فقہ، عدل و تدبر، اور امت کی قیادت کے لیے سب سے موزوں شخصیت تھے۔

شیخ الاسلام بتاتے ہیں کہ اس مفہوم کی مزید تائید ایک روایت سے ہوتی ہے جو ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہؓ سے منقول ہے:

"حضرت فاطمہ الزہراؓ نے خود مجھے بتایا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ان سے فرمایا بیٹی! میں نے تمہاری شادی اس شخص سے کی ہے جو مومنین میں سب سے زیادہ علم رکھتا ہے، سب سے پہلے ایمان لایا، اور سب سے زیادہ حلم و بردباری کا پیکر ہے۔"

حاصلِ کلام

یہ احادیث اور روایات اس امر کی بین دلیل ہیں کہ حضرت علی المرتضیٰؓ کی علمی، روحانی اور اخلاقی برتری کو خود نبی اکرم ﷺ نے واضح طور پر بیان فرمایا۔ سیدہ فاطمہ الزہراؓ جیسی پاکیزہ ہستی کا انتخاب اُس شخصیت کے لیے کیا گیا جو نہ صرف سب سے پہلے ایمان لانے والے تھے بلکہ علم، حلم اور بصیرت میں بھی سب پر فائق تھے۔ حضرت علیؓ کی ذات امتِ مسلمہ کے لیے ایک کامل اسوہ، علم و عدل کا مینار اور محبتِ رسول ﷺ کا آئینہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top