نوجوان دنیا و آخرت کی کامیابی کےلئے اپنے اخلاق سنواریں
کردار اور اقدار سے انسان باوقار بنتا ہے: علامہ رانا محمد ادریس
نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن کا جامع شیخ الاسلام جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (8 اگست 2025) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹائون میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے ’’ایمان اور اعمال صالحہ‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبوت کے منصب پر فائز ہونے سے قبل آپ ﷺ کی شہرت صادق و امین کی تھی۔ مصطفوی تعلیمات کے مطابق مومن اپنے قول اور دعوئوں میں سچا اور پختہ ہوتا ہے۔ جھوٹ آج کے دور کا سب سے بڑا المیہ اور زوال کا سبب ہے۔ ایمان کے ساتھ نیک اعمال کاہونا بھی ضروری ہے۔ قرآن حکیم میں اللہ تعالیٰ نے بار بار ارشاد فرمایا ہے کہ’’ جو ایمان لائے اورانہوں نے اچھے کام کئے وہی تمام مخلوق میں سب سے بہتر ہیں ‘‘۔
انہوں نے کہاکہ بہترین لوگ وہ ہیں جو نماز،روزہ، صدقہ، حسن اخلاق اور معاشرتی خدمت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو خاص طور پر تلقین کی کہ وہ وقت کی قدر کریں، والدین کی خدمت کریں اور معاشرے میں خیر کا سبب بنیں۔ انہوں نے کہاکہ ایمان اور اعمال صالحہ یہ دونوں وہ ستون ہیں جن پر ایک مومن کی پوری زندگی قائم ہوتی ہے۔ قرآن حکیم کا مطالعہ کیا جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ جہاں کہیں ایمان کا ذکر آتا ہے وہاں اعمال صالحہ کا ذکر اس کے ساتھ ضرور آتاہے۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ایمان اور نیک اعمال دونوں لازم و ملزوم ہیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کئے جا سکتے۔
تبصرہ